کراچی: اورنگی ٹاؤن کی لکڑی مارکیٹ میں آتشزدگی، کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر

کراچی: اورنگی ٹاؤن کی لکڑی مارکیٹ میں آتشزدگی فائل فوٹو کراچی: اورنگی ٹاؤن کی لکڑی مارکیٹ میں آتشزدگی

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں لکڑی کی مارکیٹ میں آگ لگنے سے کروڑوں کی لکڑی سمیت دیگر سامان جل گیا، حکام کے مطابق خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں واقع لکڑی کی مارکیٹ میں رات گئےآگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک منزلہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے کارخانے اور مارکیٹ کی 10دکانوں کو فوری اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی ابتداء میں فائر بریگیڈ کی 4گاڑیاں موقع پرپہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا تاہم آگ میں شدت ہونے اور گاڑیوں میں پانی ختم ہونے کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید 3 فائرٹینڈرز اور واٹر باؤزر کو موقع پر بھیج دیا گیا، تاہم آتشزدگی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی لکڑی اور دیگر سامان جل گیا۔

اسٹیشن آفیسر عبدالناصر کے مطابق آگ پر4گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ آس پاس کےگھر بھی محفوظ ہیں اور مارکیٹ کے ساتھ قائم رہائشی عمارت میں سے لوگوں کو باحفاظت باہر نکالا جاچکا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

دوسری جانب بجلی کے عملے نے بھی موقع پر پہنچ کر علاقے کی بجلی منقطع کردی۔

install suchtv android app on google app store