جانوروں کا مکمل کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس تیار کرنے کی خاطر سندھ میں لائیو سٹاک اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
پاکستان میں اب جانوروں کو بھی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ملا کرے گا، کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لئے سندھ میں لائیو سٹاک اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ پاکستان کی انتظامی تاریخ کا منفرد قانون بنانے کی تیاری اس وقت زور و شور سے جاری ہے جس کی منظوری کے بعد ملک میں انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی شناختی کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔
اس مقصد کی خاطرجانوروں کے لئے بھی نادرا کی طرز کا ادارہ بنایا جائے گا جس کے ذریعے انہیں شناختی کارڈ، ویزا اور پاسپورٹ بھی دیے جائیں گے۔ سندھ حکومت کے محکمہ لائیو سٹاک نے انوکھا بل تیار کیا ہے جس کے تحت سندھ لائیو سٹاک رجسٹریشن اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ جانوروں کا سینٹرل ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔
ان کی نقل و حرکت اور پیدائش و انتقال کے بارے میں لائیو سٹاک اتھارٹی کو آگاہ کرنا ہوگا اور دستاویز لینا ہوگی ، کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس میں جانوروں کی پیدائش و اموات کا اندراج ہو گا۔ ہر جانور کو مخصوص شناختی کوڈ جاری کیا جائیگا اور انہیں ذبح خانوں میں لانے پر اتھارٹی کو اطلاع دینا لازمی ہوگی۔ لائیو سٹاک اتھارٹی جانوروں کی ویلفئیر اور نیوٹریشن پر کام کریگی جبکہ قصابوں کی تربیت اور ان کی رجسٹریشن ہوگی۔