اسنیٰ ساحل سے بہت دور نکل گیا، کراچی اب محفوظ

کراچی میں سمندری طوفان اسنیٰ کے اثرات تقریباً ختم ہو گئے فائل فوٹو کراچی میں سمندری طوفان اسنیٰ کے اثرات تقریباً ختم ہو گئے

کراچی میں سمندری طوفان اسنیٰ کے اثرات تقریباً ختم ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اسنی کراچی کے ساحل سےکافی آگے نکل گیا ہے، کراچی پر اس طوفان کے اثرات تقریباً ختم ہو چکے ہیں تاہم بادلوں کی موجودگی کے باعث آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

حکام محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں چلنے والی تیز ہواؤں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، شہر میں اس وقت سمندری ہواٸیں نہیں چل رہی ہیں، شمال مشرق سے ہوائیں 12کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، شام یا رات تک سمندری ہواٸیں بحال ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج کم سےکم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹروپیکل سائیکلون کا آٹھواں الرٹ جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنیٰ سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور ہوگیا ہے تاہم سمندری طوفان کے وسطی بحیرہ عرب میں موجود ہونے کے باعث بلوچستان میں اب بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔

install suchtv android app on google app store