اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حیدر آباد سکھر موٹر وے کے لیے 9.5 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی کی منظوری دے دی۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ہوئے ای سی سی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ ای سی سی کے اعلامیے کے مطابق نیو گوادر بین الااقوامی ایئر پورٹ منصوبے کے لیے 83 کروڑ 91 لاکھ روپے کی منظوری دے دی گئی۔
49 ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کے تعین کی منظوری بھی دی گئی، ہمسایہ ملکوں کے مقابلے میں ان ادویات کی قیمتیں کم ہیں۔
ای سی سی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے لیے 12 کروڑ 14 لاکھ روپے گرانٹس کی منظوری دی، وزارتِ اطلاعات و نشریات کے لیے 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ وزارتِ انسانی حقوق کے لیے 11 کروڑ 65 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
جامشورو میں کوئلے سے چلنے والے بجلی کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے 9 ارب 14 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی اور خیبر پختون خوا میں سابقہ فاٹا کے علاقوں میں لیویز سینٹر کے قیام کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ اقوامِ متحدہ میں امن مشن کے دستوں کے لیے 47 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
سانحۂ سوات کے شہداء اور زخمیوں کے لیے 4 کروڑ 95 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزارتِ انسانی حقوق کے لیے 11 کروڑ 65 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
نیکٹا کے لیے 11 کروڑ روپے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی، وزارتِ پارلیمانی امور کے لیے 4 کروڑ 84 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔