حسان نیازی کا کراچی میں درج مقدمے میں دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور

حسان نیازی فائل فوٹو حسان نیازی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن ظل شاہ کی موت کے حوالے سے درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی جبکہ کراچی میں درج مقدمے میں دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

پولیس نے ظل شاہ قتل کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو انسداد دہشت گری عدالت پیش کر دیا جہاں جج عبہر گل نے سماعت کی۔

حسان نیازی کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا اور اس دوران حسان نیازی نے آئین پاکستان کی کتاب پکڑ رکھی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو جج عبہر گل نے تفتیشی افسر نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے، جس پر وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ باہر گاڑی میں ہیں اور پولیس کہہ رہی ہے کہ آپ اجازت دیں گی تو لاٸیں گے۔

اس کے بعد پولیس نے حسان نیازی کو کمرہ عدالت میں پہنچا دیا جہاں تفتیشی افسر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا ہے، لیپ ٹاپ اور موباٸل فون بھی برآمد کرنا ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ جو حملہ ہوا اور ہنگامہ آراٸی ہوٸی وہ حسان نیازی کی ایما پر ہوٸی اور تمام واقعات کی تفتیش کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جاٸے۔

حسان نیازی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دلائل دیے اور کہا کہ حسان نیازی ایک معروف وکیل اور پی ٹی آئی کا رہنما ہے، انہیں بد نیتی سے مقدمے میں ملوث کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر بدنیتی کی بنیاد پر درج کی گئی، غلط مقدمے میں گرفتاری غیر قانونی ہے۔

دونوں طرف سے دلائل مکمل ہونے کے بعد جج عبہر گل نے حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

انسداد دہشت گری عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حسان نیازی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تاہم لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے حسان نیازی کو کراچی درج مقدمے میں کراچی لے جانے کے لیے دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس نے گزشتہ روز حسان نیازی کو لاہور کے ریس کورس تھانے میں درج مقدمہ کے سلسلے میں کوئٹہ سے لاہور منتقل کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی پر لاہور کے ریس کورس تھانے میں ڈی ایس پی شبیر علی کی شکایت پر 9 مارچ کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی جو کہ زمان پارک کے باہر جھڑپوں میں زخمی ہوئے تھے۔

حسان نیازی پر قتل، اقدام قتل، فسادات، غیرقانونی طور پر جمع ہونے، سرکاری ملازمین کو فرائض انجام دینے سے جبری روکنے سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 7 کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں پی ٹی آئی رکن علی بلال عرف ظل شاہ کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ حسان نیازی کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کے مقدمے میں 20 مارچ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ متعلقہ تین دیگر مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے کے بعد فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد سے باہر آرہے تھے۔

یہ مقدمات 28 فروری اور 18 مارچ کو پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں حاضری کے دوران ہونے والے تشدد کے خلاف درج کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ 21 مارچ کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حسان نیازی کو دو دن جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، بعدازاں ان کا عارضی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں 14 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

تاہم اس کے بعد کوئٹہ پولیس نے حسان نیازی کے خلاف تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ 109 (اکسانے)، 147 (فساد)، 149 (غیر قانونی اجتماع)، 153 (فساد پر اکسانے) اور 347 (غلط طریقے سے روک تھام) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

کوئٹہ کے ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر نے 24 مارچ کو اسلام آباد کی عدالت میں درخواست دائر کی جس میں حسان نیازی کو کوئٹہ کے جج کے سامنے پیش کرنے کے لیے عبوری ریمانڈ کی استدعا کی گئی جوبعد میں منظور کرلی گئی تھی۔

کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایک روز بعد پولیس کی جانب سے حسان نیازی کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف بلوچستان میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی تھی۔

دوسری جانب اسلام آباد کے سول جج نے پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما کی بعد از گرفتاری ضمانت بھی منظور کر لی تھی لیکن اس کے باوجود ہفتے کی شام تک پی ٹی آئی رہنما کو جیل سے رہا نہیں کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store