چین، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، پاکستان کو کلین اور سستی توانائی کی ضرورت ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ ’کے تھری‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کلین اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ ’کے تھری‘ کا افتتاح کردیا۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر بھی شریک تھے۔

اس منصوبے سے ماحول دوست 1100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جب کہ جوہری توانائی بجلی گھر سے مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ’کے تھری‘ پاور پلانٹ کی تختی کی نقاب کشائی کی اور پودا لگایا۔

اس موقع پر تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، پاکستان کو کلین اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بہترین دوست ہیں، یہ دوستی گزشتہ 75 برسوں کے دوران تمام مصائب و مشکلات اور خوشیوں کے مواقع پر مزید مضبوط ہوتی گئی، چین نے سیلابوں میں، طوفانوں میں، زلزلوں میں جنگوں اور امن میں ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان 2015 میں نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا اربوں روپے کا منصوبے پر دستخط ہوئے اور آج ہزاروں میگاواٹ بجلی پاکستان میں بن رہی ہے اور سی پیک کے دوسرے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی قریب میں کچھ مشکلات تھیں، کچھ مشکلات ہماری اپنی پیدا کردہ تھیں جس کی وجہ سے سی پیک تعطل کا شکار ہوگیا لیکن اب ہماری کوشش ہے کہ سی پیک منصوبہ تیزی سے آگے بڑھے، پشاور اور کراچی سے ریلوے کا منصوبہ ایم ایل ون اور انڈسٹریل زون بننے ہیں، اس منصوبوں پر بھی اب تیزی سے کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں نے پناہ قدرتی وسائل ہیں، وہاں پائے جانے والے کوئلے کے ذخائر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سیکڑوں سال تک بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، اس کی بنیاد پر ہمیں بجلی کے منصوبے لگانے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبے لگانے ہیں جس سے ملک ترقی کرے گا اور اربوں ڈالر کے خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کی بچت ہوگی، یہ وہ واحد طریقہ ہے جس کے ساتھ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پن بجلی منصوبوں سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتا ہے لیکن ہم بمشکل صرف 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جو کہ بڑا قومی نقصان ہے، پاکستان اس وقت 27 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سستی اور کلین انرجی کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سولر پاور جنریشن، ہائیڈرو پاور اور ونڈ پاور منصوبے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے منصوبے پر کام کرنے والے عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں وزیر اعظم آفس میں دعوت دیکر اعزازات دیں گے۔

install suchtv android app on google app store