75 واں یوم آزادی؛ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی

مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب فائل فوٹو مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

ملک بھر میں آج 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اسی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالیں، تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔

اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بارخواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔

دوسری جانب پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان تھے۔

مزار اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے گارڈز کی تبدیلی کے عمل کا معائنہ کیا، مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store