کراچی: پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکا، 2 اہلکار شہید

کراچی: پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکا، 2 اہلکار شہید فائل فوٹو

کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع پولیس ہیڈکوارٹر میں دستی بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ہیڈکوارٹر گارڈن کے اسلحہ خانے میں ہوا، شہید ہونے والے 2 اہل کاروں کی شناخت 45 سالہ کانسٹیبل صابر اور 40 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے اہل کاروں میں 40 سالہ علی گوہر اور 55 سالہ سعید شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق دونوں زخمی اہل کاروں کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے مال خانے میں صفائی کے دوران پھٹا، واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ اتفاقی حادثہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store