بلدیاتی الیکشن سے پہلے سندھ حکومت کا بڑا اعلان

 پیپلزبس سروس فائل فوٹو پیپلزبس سروس

کراچی والوں کے لئے خوشخبری ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے آج سے پیپلزبس سروس کے نئے روٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے، جب کہ کل سے مزید 5 نئے روٹس کا بھی افتتاح کردیا جائے گا۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ نے آج روٹ نمبر 9 کا افتتاح کیا، اس روٹ پر گلشن حدید سے ملیرکینٹ تک بسیں چلیں گی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر بات کرتے ہوئے سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ نے اعلان کیا کہ کل سے پیپلزبس سروس کے مزید 5 روٹس پر بسیں چلیں گی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر کراچی میں 10 روٹس پر پیپلزبس سروس کی خدمات فراہم کی جائیں گی، آج کے روٹ کے افتتاح کے بعد 3 روٹس پر بسیں چلا دی گئی ہیں، جب کہ کل مزید 5 روٹس کا افتتاح کیا جائے گا۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ دیگر 2 روٹس (4 ، 5 ) پر بسیں سڑکوں کی مرمت کے بعد چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ حکومت سندھ کے جانب سے کراچی میں پیپلز بس سروس ( ریڈ بس) کا باضابطہ افتتاح 21 جون کو کیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں روٹ 1 اور 2 کو فعال کیا گیا۔ ایئرکنڈیشن اور آرام دہ بسوں کا کرایہ 25 سے 50 روپے کے درمیان ہے۔

روٹ نمبر 1 ماڈل کالونی ملیر سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول اور آئی آئی چندریگر روڈ سے ہوتا ہوا ٹاور پر ختم ہوتا ہے۔ روٹ نمبر 2 ناگن چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی، نیپا، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈریگ روڈ اسٹیشن، کالونی گیٹ، شاہ فیصل کالونی، انڈس اسپتال، سنگر چورنگی اور لانڈھی کے درمیان ہوگا۔

install suchtv android app on google app store