کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار فائل فوٹو کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی میں آندھی کے ساتھ موسم گرما کی پہلی بارش سے موسم خوشگوارہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کراچی میں دن بھر شدید گرمی کے بعد شمالی علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو پورے شہر تک پھیل گیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

جن علاقوں میں آندھی کے بعد بارش ہوئی ان میں بحریہ ٹاون، سپر ہائی وے، گڈاپ، ملیر، ایئرپورٹ، شارع فیصل، نرسری، کورنگی اور گلشنِ اقبال شامل ہیں۔

اسی طرح ملیر اور اطراف میں تیز بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

 

واضح رہے کہ 19 جون کو محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا تھا کہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں کے سلسلے کا پیر 20 جون سے آغاز ہو گا جس کا سبب بالائی اور وسطی علاقوں سے مضبوط سسٹم کا داخل ہونا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ سکھر، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور، جیک آباد، شہید بے نظیر آباد، دادو، جامشورو، حیدرآباد، ڈیرہ بگٹی، جعفر آباد، نصیرآباد، لسبیلہ اور خصدار میں منگل سے بدھ کی شام تیز بارشوں کا امکان ہے۔

کراچی میں ہونے والی حالیہ بارش پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ بارش کے پانی کی نگرانی کے لئے تمام بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دے دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں پانی جمع ہونے کے امکانات ہیں وہاں عملہ پہنچے اور پانی کے نکاس کو یقینی بنائے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ترمشینری اور عملہ کام پر موجود ہے اور حالات بہتر ہیں۔

سیدناصرحسین شاہ نے ہدایات جاری کیں کہ اہم شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کاموں کی نگرانی خود کررہا ہوں اور شہر کے دورے پر جاؤں گا۔

install suchtv android app on google app store