وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کراچی پہنچ گئے

عثمان بزدار فائل فوٹو عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کراچی پہنچ گئے ہیں، انھوں‌ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی۔


وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج کراچی میں سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر ان سے ان کے والد عطا اللہ مینگل کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

عثمان بزدار نے گفتگو میں کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل مدبر اور وضع دار سیاست دان تھے، وہ سیاست میں ایک الگ مقام رکھتے تھے، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عطا اللہ مینگل کے انتقال پر وہ ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 2 ستمبر کو سردار عطا اللہ مینگل کا انتقال ہوا تھا، ان کی عمر 93 برس تھی، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے، اور ایک نجی اسپتال میں کچھ دنوں سے زیر علاج تھے۔

سردار عطااللہ مینگل 1929 کو پیدا ہوئے، 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کے سردار مقررہوئے، وہ بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے، ان کا شمار بلوچستان کی قوم پرست سیاست کے ابتدائی رہنماؤں میں ہوتا ہے، اور وہ بلوچستان کی تاریخ اور قبائلی لحاظ سے ایک اہم شخصیت تھے۔

سردار عطا اللہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی رہے، موجودہ سربراہ سردار اختر جان مینگل ان کے صاحب زادے ہیں۔

install suchtv android app on google app store