حکومتِ سندھ نے لیجنڈری اداکار عمر شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے رقم جاری کردی

لیجنڈری اداکار، میزبان و کامیڈین عمر شریف فائل فوٹو لیجنڈری اداکار، میزبان و کامیڈین عمر شریف

سندھ حکومت نے لیجنڈری اداکار، میزبان و کامیڈین 68 سالہ عمر شریف کے امریکا سے علاج کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 4 کروڑ روپے کی رقم فراہم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سندھ حکومت نے چند دن قبل ہی عمر شریف کا علاج کروانے کا اعلان کیا تھا اور اب صوبائی حکومت نے اداکار کے لیے رقم کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ عمر شریف کو پاکستان سے امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس سمیت ان کے علاج پر آنے والے اخراجات کی مد میں رقم جاری کی جا رہی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ صحت اور وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی تجاویز پر عمر شریف کے لیے 4 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جا رہی ہے۔

نوٹی فکیشن سے معلوم ہوتا ہے کہ عمر شریف کے علاج کے لیے مختلف ریلیف پروگرامات کے فنڈز سے رقم جاری کی گئی۔

اس سے قبل عمر شریف کے اہل خانہ کی جانب سے ان کے آفیشل فیس بک پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کا انتظام کرلیا۔

عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر اداکار کو امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، وہ ویزا ملنے کے انتظار میں ہیں۔

اہل خانہ نے بتایا تھا کہ ویزے کے اجرا کے انتظامات بھی مکمل ہوچکے ہیں اور ایک دن کے اندر انہیں ویزے ملنے کے امکانات ہیں۔

زرین غزل کے مطابق 15 سے 16 ستمبر تک عمر شریف کو علاج کے لیے ایئر ایمبولینس میں امریکا منتقل کیا جائے گا، جہاں اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے علاج کے انتظامات کر رکھے ہیں۔

عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں۔

ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ ان کے اہل خانہ نے اداکار کے بیمار ہونے یا ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ عمر شریف زیر علاج ہیں۔

ہسپتال میں عمر شریف کی طبیعت بگڑ جانے پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔

عمر شریف کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اور اب اداکار کےاہل خانہ نے بتایا ہے کہ بیرون ملک جانے کے تمام انتظامات تقریبا مکمل ہوچکے اور وہ دو دن میں امریکا روانہ ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store