سندھ حکومت نے اسکولز مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ فائل فوٹو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیشِ نظر مزید ایک ہفتہ اسکولز بند رکھے جائیں گی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزید ایک ہفتہ اسکول اس لیے اسکولز نہیں کھولے جارہے تا کہ اساتذہ اور طلبہ کے والدین اپنی ویکسینیشن کروائیں۔

انہوں نے کہا اسکول کے اساتذہ اور عملے کے ساتھ ساتھ طلبا کے والدین کو بھی اپنا ویکسنیشن سرٹیفکیٹ دکھانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں عالمی وبا کی چوتھی لہر بالخصوص ڈیلٹا قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر 26 جولائی سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں کورونا کیسز میں زیادہ اضافے کے بعد سندھ میں یکم اگست سے 8 اگست تک سخت لاک ڈاؤن بھی لگایا گیا تھا تاہم اس میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔

بعدازاں محکمہ تعلیم سندھ نے اپنے ماتحت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا ۔

اس ضمن میں وزیر تعلیم سندھ نے اعلان کیا تھا کہ اسکولوں کو کھولنے کے لیے 20 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور 7 یا 8 محرم کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بلایا جائے گا۔

بعد ازاں 17 اگست کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے 23 اگست سے صوبے میں اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ کہا تھا کہ 50 فیصد حاضری کے ساتھ اسکول کھولے جائیں گے اور ایس اوپیز پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جو اسکول پیر تک اساتذہ کی 100 فیصد ویکسینیشن کا یقین دلائیں گے وہی اسکول کھل سکیں گے اور ساتھ ہی والدین کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی اسکول میں جمع کروائے جائیں گے جبکہ اچانک سے رینڈم پی سی آر ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

البتہ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ 9 اور 10 محرم کے اثرات کا جائزہ جمعے کو لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے 13 اگست کو ایک ورکنگ کمیٹی بھی بنائی جاچکی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ایک ہزار 209 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور 27 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد سندھ میں اب تک کووِڈ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 439 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے 6 ہزار 556 انتقال کر چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store