پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا: بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا، متنازع چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کیا جائے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ارسا صرف واٹر اکارڈ کے تحت پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا ادارہ ہے، پانی کی ترسیل میں ارسا کی من مانیاں نہیں چلیں گی، منگلا ڈیم کو ارسا کے طے شدہ متنازع فارمولے سے زیادہ بھرنے کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ سکھر بیراج میں 27 فیصد جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی، وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطابق گزشتہ سال کی برسات میں ڈیموں میں پانی کی وافر مقدار تھی مگر پی ٹی آئی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی کمی ہوئی، پی ٹی آئی حکومت سندھ سمیت پورے پاکستان میں پانی کی ترسیل کی منصفانہ تقسیم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کے زیریں علاقوں کو پیاس کا صحرا بنادیا، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر کا پانی بند کرکے پی ٹی آئی حکومت نے سفاکیت کی انتہا کردی، یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ بدترین گرمی اور رمضان کے مقدس مہینے میں سندھ کا پانی بند کردیا گیا؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران کو دور نہیں کیا گیا تو قحط جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، سندھ کے حصے کا پانی روک کر پی ٹی آئی حکومت اہل کراچی کو سزا دینا بند کرے۔

پی پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب، خریف کی فصل کا سیزن شروع ہورہا ہے، ہوش کے ناخن لیں اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیں، پی ٹی آئی کی جانب سے پیدا کردہ پانی کے بحران کے بعد سندھ کے کسانوں کے لیے کپاس کی بوائی ممکن نہیں، ملک میں کپاس کی قلت سے پہلے ہی ٹیکسٹائل سیکٹر کو مسائل کا سامنا ہے، پانی بند کرکے عمران خان نئے بحران نہ پیدا کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں پینے تک کے پانی کا بحران پیدا ہورہا ہے، پہلے بارشوں کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوئیں اور اب سندھ کا پانی بند کرکے دیوار سے لگایا جارہا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور غذائی بحران کے ساتھ ایک نیا المیہ پیدا ہوجائے گا۔

install suchtv android app on google app store