وزیر اعلیٰ کا راجن پور کی ترقی کے لیے 20 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار فائل فوٹو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے شہر راجن پور کی ترقی کے لیے 20 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔

راجن پور میں ایک تقریب سے خطاب میں عثمان بزدار نے علاقے کے لیے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پیکیج عوام کا حق ہے، کوئی احسان نہیں۔

انھوں نے کہا پس ماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں ہے، راجن پور میں 804 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں، ان منصوبوں کو تقریباً 20 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ قائم ہو چکا ہے، اب راجن پور کے لیے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر آیا ہوں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تمام تر پراجیکٹس آئندہ 2 برس میں مکمل کرائیں گے، راجن پور کے عوام کے لیے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال نعمت کے مترادف ہے، اس منصوبے کو 8 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، آج ایک ارب سے زائد کے 7 منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے راجن پور کے لیے یونی ورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا، اور کہا یونیورسٹی کو 100 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، راجن پور میں سیوریج سسٹم کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا، جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر سے خوش حالی آئے گی، اس منصوبے کا اپریل میں آغاز کر دیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا راجن پور میں 10 بنیادی مراکز صحت اور 20 اسکول بنائے جائیں گے، قبائلی علاقے میں واقع ماڑی کو سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا جن میں لائیو اسٹاک سروسز ٹریننگ سینٹر فاضل پور کا افتتاح، 34 ویٹرنری کلینکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد، سیوریج اور ڈرینج اسکیم کا سنگ بنیاد، کاٹن ریسرچ سب اسٹیشن کا سنگ بنیاد، تحصیل کمپلیکس روجھان کی تعمیر کا سنگ بنیاد، جنرل بس اسٹینڈ کے منصوبے کا سنگ بنیاد شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store