پنجاب حکومت کی والدین کو 2 ماہ کی اسکول فیس 20 فیصد کم ادا کرنے کی ہدایت

پنجاب حکومت نے 2 ماہ کی فیس 20 فیصد کم ادا کرنے کی ہدایت کر دی ہے فائل فوٹو پنجاب حکومت نے 2 ماہ کی فیس 20 فیصد کم ادا کرنے کی ہدایت کر دی ہے

پنجاب حکومت نے والدین کو اسکولوں کی 2 ماہ کی فیس 20 فیصد کم ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے نجی اسکولز کے مالکان کو خبردار کر دیا کہ وہ دو ماہ کی فیس 20 فیصد کم وصول کریں گے جبکہ والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس وقت تک فیس جمع نہ کرائیں جب تک نیا فیس چالان انہیں موصول نہیں ہو جاتا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے نیا بورڈ بھی بنانے کا اعلان کر دیا۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ جن والدین نے اسکول مالکان کو ارب پتی بنایا یہ ان کو بھی ریلیف دینے کو تیار نہیں ہیں۔ اس لیے والدین فیس چالان کے بغیر اپنے بچوں کی فیسیں جمع نہ کرائیں۔

ڈاکٹر مراد راس نے فیسوں کی وصولی کی شکایت کے ازالے کے لیے ایک ہفتے میں ہیلپ لائن نمبر جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیف میں رجسٹرڈ ڈھائی لاکھ سے زائد بچوں کا ریکارڈ نہیں ملا ہے اور اب ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی وزیر کی رائے میں موجودہ حالات کے پیش نظر پہلی سے آٹھویں جماعت کے بچوں کو ہوم ورک کی بنیاد پر پروموٹ کرنا چاہیے تاہم اس معاملے پر ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کہ کورونا کے باعث اسکولز مکمل طور پر بند ہیں لیکن اسکولز مالکان بچوں کی پوری فیس وصول کرنے پر بضد ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے محکمہ تعلیم نے بھی تمام اسکولز انتطامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیسوں میں طلبا و طالبات کو رعایت دیں۔ صوبائی محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ اپریل اور مئی کی فیسوں میں کم سے کم 20 فیصد رعایت دی جائے۔

install suchtv android app on google app store