سانحہ لاہور: پنجاب رینجرز کے جوانوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی سیکیورٹی سنبھال لی

پنجاب رینجرز فائل فوٹو پنجاب رینجرز

پنجاب رینجرز کے جوانوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی سیکیورٹی سنبھال لی۔

گزشتہ روز وکلاء نے دل کے اسپتال پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 مریض بروقت علاج نہ ملنے پر انتقال کرگئے تھے۔ وکلاء نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور ڈاکٹرز، عملے اور تیمارداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ ڈالے تھے۔

پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو کی جانب سے اسپتال عملے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے رینجرز کے دستے طلب کیے تھے۔ صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد پنجاب رینجرز کے دستے پی آئی سی پہنچ گئے اور سیکیورٹی کے فرائض سنبھال لیے۔

دوسری جانب پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء کے حملے کے بعد 80 فیصد حصہ بند ہے جبکہ آؤٹ ڈور، ان ڈور اور ایمرجنسی میں بھی کام معطل ہے۔ اسپتال بند ہونے کے باعث دیگر شہروں سے آنے والے دل کے مریض رُل گئے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ کئی مریض واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہنگامہ آرائی کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز سے مریضوں کو ڈسچارج کرکے گھر بھیج دیا تھا۔ ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار 46 وکلاء کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

install suchtv android app on google app store