پنجاب میں موٹر وہیکل مالکان کی آسانیوں میں ہوگیا مزید اضافہ، نادرا نے کردی اب ہر مشکل آسان

پنجاب میں موٹر وہیکل مالکان کی آسانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے فائل فوٹو پنجاب میں موٹر وہیکل مالکان کی آسانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے

پنجاب میں موٹر وہیکل مالکان اب ایکسائز دفاتر کے علاوہ ’’نادرا‘‘ کے 1800سے زائد ای سہولت مراکز پر بھی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی ملکیت تبدیل کروا سکیں گے۔

دو برس سے جاری کوشش کے بعد محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے صوبے میں موٹر وہیکلز کی ملکیت تبدیلی کیلیے بائیو میٹرک ویری فیکیشن سسٹم کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس حوالے سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور نادرا کے ساتھ معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں اور صرف بائیو میٹرک تصدیق کیلیے اسکینرز کی فراہمی اور فیس کا معاملہ طے ہونا باقی ہے۔

’’نادرا‘‘ محکمہ ایکسائز کو250 بائیو میٹرک اسکینرز فراہم کرے گا جس میں سے 50 اسکینرز لاہور میں ایکسائز دفاتر میں استعمال کئے جائیں گے، باقی دیگر اضلاع کے ایکسائز دفاتر میں بھیجے جائیںگے۔ نادرا کے1800 سے زائد ای سہولت مراکز پر بھی ایکسائز بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت میسر ہو گی۔ خریدار یا فروخت کنندہ کو گاڑی ملکیت کی تبدیلی کیلئے ایکسائز دفتر جانے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔

گزشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد نے محکمے کے اعلی حکام پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ ان کی واضح ہدایات کے باوجود کئی ہفتے گزرجانے کے باوجود محکمہ ایکسائز کے اعلی حکام نے نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت دیگر محکموں کے ساتھ اس نئے نظام کے بارے میں حتمی میٹنگ ابھی تک نہیں کی ہے جس وجہ سے نظام کو فعال کرنے میں بلا جواز تاخیر ہو رہی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store