وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں جمہوری حکومتوں پر تنقید

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار فائیل فوتو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں جمہوریت کو ذاتی تجوریاں بھرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔


انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی لوٹ مار کے باعث بھی عوام کا جمہوریت پر اعتماد مجروح ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی جمہوری قوتوں کو بھارت کے غیر جمہوری اقدامات پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پچھلی حکومت کے پہلے سال میں کابینہ نے صرف 41 محکمانہ فیصلے کیے جبکہ ہم نے ایک سال میں 17 کابینہ اجلاس منعقد کیے، جن میں 280 اہم فیصلوں پر سیر حاصل بحث کے بعد منظوری دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہر ہفتے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلیے ریویو میٹنگز بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

عثمان بزدار ان دنوں عمرے کی ادائیگی کےلیے سعودی عرب میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے آج روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔ انہوں نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کےلیے خصوصی دعائیں کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نوافل ادا کیے، انہوں نے مسجد کے امام اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے کلید بردار سے بھی ملاقات کی۔

install suchtv android app on google app store