دھوکا کسی بھی قسم کا برداشت سے باہر

قتل کی واردات فائل فوٹو قتل کی واردات

محبت کے نام پر قتل کی وارداتیں وطن عزیز میں کم نہیں ہوتیں۔آئے روز سننے میں آتا ہے کہ لڑکے نے شادی سے انکار پر لڑکی پر تیزاب پھینک دیا یا پھر اسے گولی مار دی۔تاہم کبھی کبھار اس کے الٹ بھی سنائی دے جاتا ہے کہ لڑکی نے شادی کے انکار پر لڑکے کو گولی مار دی یا قتل کر دیا۔

اگرچہ لڑکی کے مرڈر کرنے کے واقعات سننے میں کم آتے ہیں مگر سماعتوں سے گزرتے ضرور ہیں کہ لوگ ایک بار سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ دنوں لاہور میں پیش آیا۔لاہور کے علاقے رائیونڈ کے ایک گاﺅںمیں ایک خاتون نے اپنے عاشق کو اس لیے موت کے گھاٹ اتار دیا کہ اس نے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔رائیونڈ میں شادی کا وعدہ وفا نہ کرنے پر خاتون نے نوجوان کو قتل کردیا۔

قتل کرنے کے بعد ملزمہ نے تھانے جاکر گرفتاری بھی دے دی۔پولیس کے مطابق محلہ مشن کالونی کے مدثر نامی نوجوان نے شادی شدہ فضاءکو شادی کا جھانسا دیا جس پر فضاءنے اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔اسی دوران مدثر نے کسی اور خاتون سے شادی رچا لی، فضا یہ دھوکا برداشت نہ کرسکی اور طیش میں آ کر مدثر کو گولی ماردی۔فضا کا کہنا تھا کہ میری شادی شدہ لائف برباد کرنے کے بعد اپنی زندگی کہیں اور آباد کر لی یہ مجھ سے برداشت نہیں ہوا لہٰذا میں نے گولی مار دی۔

وجہ چاہے جو بھی ہو قتل بہت بڑا جرم ہے جس کو کسی صورت بھی بڑھاوا نہیں دیا جا سکتا۔مدثر نے ملزمہ کے ساتھ جو دھوکا کیا تھا وہ اپنی جگہ قابل گرفت جرم ہے مگر ملزمہ فضا نے قانون اپنے ہاتھوں میں لے کر جو قدم اٹھایا ہے یہ بھی معاشرے میں برا تاثر پیدا کرنے اور اپنے آپ میں بھی بہت بڑا جرم ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ آلہ قتل سمیت خود تھانے میں پیش ہوگئی اورپولیس نے اسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

install suchtv android app on google app store