پولیس کی بڑی کامیابی، کراچی سے اغواء ہونے والا نومولود بازیاب

  • اپ ڈیٹ:
 کراچی سے اغواء ہونے والا نومولود بازیاب فائل فوٹو کراچی سے اغواء ہونے والا نومولود بازیاب

چند روز قبل کراچی کے ہسپتال سے اغواء ہونے والا نومولود گجرات پولیس نے بازیاب کروا لیا، اغواء کار میاں بیوی او ربیٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔

یکم جولائی 2019؁ء کو کراچی کے عباسی شہید ہسپتال سے نومولود بچہ اغواء ہو گیا تھا۔ جس کا مقدمہ تھانہ ناظم آباد میں درج ہوا۔ ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کے لئے وقوعہ کی CCTV فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی۔

ڈی پی او گجرات سید علی محسن نے فوٹیج موصول ہونے پر تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو ویڈیو کا بغور ملاخطہ کرنے کی ہدائیت جاری کی۔ اسی دوران ایس ایچ او تھانہ ٹانڈہ ایس آئی تنویر بھٹی کو اطلاع موصول ہوئی کہ قاضی چک کی خاتون مسمات شبانہ آرزو زوجہ حافظ عبدالرشید جو کہ بانجھ عورت ہے جس کے ہاں اولاد نہ تھی اور اس کے پاس نومود بچہ ہے جس پر ایس ایچ او تھا نہ ٹانڈہ ایس آئی تنویر بھٹی نے فوری طور پر ڈی پی او گجرات سید علی محسن اور ڈی ایس پی صدر سعید خان کو اطلاع دی، جس پر ڈی پی او گجرات نے فوری طور پر مشکوک عورت کو انٹیروگیٹ کرنے کی ہدائیت کی۔

ایس ایچ او ٹانڈہ نے لیڈیز پولیس اور دیگر اہلکاروں پرمشتمل ٹیم تشکیل دے کر خاتون اسکے شوہر حافظ عبد الرشید اور بیٹی عائشہ رشید کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کیا اور کراچی پولیس سے رابطہ کر کے عباسی شہید ہسپتال سے اغوا ہونے والے نومولود بچے بازیاب کرایا۔

install suchtv android app on google app store