اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے

قائد حزب اختلاف شہباز شریف فائل فوٹو قائد حزب اختلاف شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے جہاں لیگی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق طبی معائنے کی غرض سے لندن جانے والے ن لیگ کے صدر شہباز شریف 2 ماہ بعد لاہور میں ماڈل ٹاؤن اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں ن لیگی رہنما، اراکین اسمبلی اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ لیگی کارکنوں نے لاہور ائیرپورٹ پر شہباز شریف کے باہر آتے ہی پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور لیگی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی جس پر شہباز شریف نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔

صدر ن لیگ کے استقبال کیلیے اراکین اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر، احسن اقبال، امیر مقام، سابق سنیئر مشیر وزیر اعلیٰ خواجہ احمد حسان، عظمی بخاری، مجتبی شجاع الرحمن، غزالی سلیم بٹ سمیت دیگر پارٹی عہدیدار بھی لاہور ایئرپورٹ پہنچے، عطااللہ تارڑ ،خواجہ عمران نذیر، عائشہ غوث پاشا، صبا صادق سمیت اہم رہنماؤں نے ائیرپورٹ لاؤنج میں شہباز شریف کا استقبال کیا اور ریلی کی صورت میں ماڈل ٹاؤن ان کی رہائش گاہ پہنچایا۔

قبل ازیں لاہور ائیرپورٹ پر سخت سیکیورٹی کے باوجود متعدد لیگی کارکن زبردستی ائیر پورٹ کے اندر داخل ہو گئے، کارکنان اور ائیر پورٹ سیکیورٹی کے درمیان تلخ کلامی و دھکم پیل ہوئی، کارکنان ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو دھکیل کر آرائیول لاونج تک پہنچ گئے جب کہ گلو بٹ کی کارکنوں کے ساتھ مل کر لیگی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔

شہباز شریف کے استقبال کیلیے آنے والے لیگی کارکنوں سے نمٹنے کیلیے واٹر کینن بھی ایئرپورٹ پر منگوائی گئی تھی جب کہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف 13 جون کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال اسکینڈل کے مقدمات زیر التوا ہیں، جب کہ گزشتہ سماعت پر ان کی عدم حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کیا تھا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں بھی شریک ہوں گے۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف نے واپس آنا ہی تھا حکومت نے بلاوجہ اس پر پروپیگنڈا کیا جب کہ شہبازشریف معمول کے معائنے کیلیے لندن گئے تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی نا تجربہ کاری کی قیمت عوام ادا کر رہی ہے، حکومت کا سارا کاروبار جھوٹ پرچل رہا ہے جب کہ حکمران عوام سےغلط بیانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران تکبر اور نفرت کی سیاست کررہے ہیں لہٰذا اے پی سی اجلاس میں سیاسی حکمت عملی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کی نالائقی کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے تاہم شہبازشریف بجٹ اجلاس میں حکومت کو ایکسپوز کریں گے، انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کل بھی یہی بیانیہ تھا آج بھی یہی ہے۔

install suchtv android app on google app store