عمران خان صاحب کو کارکردگی بہترکرنا ہوگی یا معافی مانگ کرگھرجانا ہوگا: حمزہ شہباز

مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز فائل فوٹو مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز

مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ کو کارکردگی بہترکرنا ہوگی یا معافی مانگ کرگھرجانا ہوگا، نیازی صاحب گالیوں سے بائیس کروڑ لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا، سیاسی جماعتوں کو مل کربیٹھنا چاہیے ورنہ قوم معاف نہیں کرےگی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل وزیراعظم نے کہا دعا مانگو ایک ہفتے میں گیس نکل آئے، ابھی الفاظ پورے بھی نہیں ہوئے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان ہوگیا، اتنا بے خبرشخص ملک کا وزیراعظم ہے؟

حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں روپیہ کبھی اتنی گراوٹ کا شکارنہیں ہوا، وزیراعظم کو روپے کی قدر میں کمی کا میڈیا سے پتہ چلا،انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران ہے، گالیوں سے ملک نہیں چلے گا، کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم آپ کا محاسبہ کریگی، نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھانے پینے کی اشیا میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے،مہنگائی 300 گنا بڑھ چکی ہے، دواؤں کی قیمتوں میں تین سوفیصد اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ عمران خان جیسا شخص ملک کا وزیراعظم بنا ،ملک کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران ہے، آج اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہورہی ہیں، آج ملکی معاملات پربات چیت ہوگی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل کربیٹھنا چاہیے ورنہ قوم معاف نہیں کرے گی،آج جن چیزوں پربات چیت ہوگی اس سے نوازشریف اورشہبازشریف کو آگاہ کریں گے۔

install suchtv android app on google app store