لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا فائل فوٹو لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، رواں برس یہ لاہور میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا پولیو کیس ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے ایک اور پولیو وائرس کیس سامنے آگیا جس کی قومی انسداد پولیو پروگرام نے تصدیق کردی۔ پروگرام کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق صرف لاہور سے رواں برس سامنے آنے والا یہ تیسرا پولیو کیس ہے۔ لاہور میں پہلا کیس رواں برس جنوری جبکہ دوسرا گزشتہ ماہ ہی سامنے آیا تھا۔

رواں برس ملک میں اب تک 10 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے خیبر پختونخواہ، قبائلی علاقوں اور پنجاب میں 3، 3 اور سندھ میں 1 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیو کے خلاف جنگ میں راولپنڈی انتظامیہ کو بڑی کامیابی مل گئی، راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 450 سیمپلز لیے گئے تھے اور رپورٹ میں کسی بھی سیمل میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

نالہ لئی میں پولیو وائرس کی موجودگی پر راولپنڈی کو ہائی رسک ضلع قرار دیا گیا تھا، پہلی مرتبہ راولپنڈی سے ہونے والی سیمپلنگ میں پولیو وائرس نہیں آیا۔

خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ چند روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

چند روز قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

install suchtv android app on google app store