پانچ روز گزر گئے ہیں والد سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں: مریم نواز

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز فائل فوٹو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ والد کی طبیعت ٹھیک نہیں اور 5 روز سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور دوران قید ان کی صحت کے حوالے سے کئی میڈیکل بورڈز بھی بن چکے ہیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ والد سے ملاقات کیلئے اجازت کی منتظر ہوں اور ان کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ روز گزر گئے ہیں، والد سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور ذاتی معالج کو بھی پانچ روز سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئی اور طریقہ بھی نہیں کہ میں والد کی خیریت معلوم کرسکوں، طبیعت پوچھ سکوں، میں بہت پریشان ہوں اور آپ سب اپنی دعاؤں میں انھیں یاد رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ والد نے کہا تھا کہ اگر خدانخواستہ کچھ ہوا تو وہ کسی سے نہیں کہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے سندھ میں علاج کرانے کی پیش کش کی تھی۔

install suchtv android app on google app store