(ق) لیگ اتحادی جماعت ہے، گلے شکوے ہیں تو سنیں گے: گورنرپنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور فائل فوٹو گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اگر ان کے کوئی گلے شکوے ہیں تو اسے ضرور سنا جائے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ چوہدری برادران سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ایک خاندان میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں، ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا۔

چوہدری سرور نے کہا کہ تبدیلی کے آثار لوگوں کو بہت جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے، وزیراعظم سمیت ہم سب اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کی شکایت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران طارق بشیر نے جہانگیر ترین کو کہا کہ ’سر مہربانی کریں چوہدری سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے‘ جس پر چوہدری پرویز الٰہی نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔

install suchtv android app on google app store