گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول دیا گیا

گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول دیا گیا فائل فوٹو گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول دیا گیا

حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت جہاں وزیراعظم و گورنر ہاؤسز کے اخراجات میں کمی لائی جارہی ہے وہیں انہیں عوام کے لیے بھی کھولنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گورنر ہاؤس سندھ اور گورنر ہاؤس مری کے بعد آج گورنر ہاؤس پنجاب کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

مقررہ وقت سے پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد گورنر ہاؤس کے باہر جمع ہونا شروع ہوئی جنہیں 10 بجتے ہی گورنر ہاؤس کے کشمیر روڈ کے گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے اعلان کے مطابق عوام اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہر اتوار صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک گورنر ہاؤس کی سیر کر سکیں گے، صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس آمد پر شہریوں کا استقبال کریں گے۔

گورنر پنجاب کے مطابق گورنر ہاؤس کا چڑیا گھر اور پارک بھی شہریوں کی اچھی تفریح کا باعث بنے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے سیر کے لیےگورنر ہاؤس آنے والے اہلخانہ کے سربراہ کے پاس شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری غیر متعلقہ چیزوں کو نہ چھوئیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں اور گورنر ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ کے گورنر ہاؤس کے پارک کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا جس کے بعد شہری مقرر کردہ اوقات میں پارک کا دورہ کررہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store