'سی پیک منصوبے کو 'رول بیک' کرنے کی کوشش کی تو حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے

'سی پیک منصوبے کو 'رول بیک' کرنے کی کوشش کی تو حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے' فائل فوٹو 'سی پیک منصوبے کو 'رول بیک' کرنے کی کوشش کی تو حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے'

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو 'رول بیک' کرنے کی کوشش کی گئی تو صرف اس کی مخالفت نہیں بلکہ حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کے شفاف منصوبوں میں سے ایک ہے، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ ترین عہدیداوں نے سنجیدگی سے کام کیا، اس حوالے سے قوم میں بدگمانی پھیلانا قوم کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چین نے اس وقت پاکستان میں سرمایہ لگایا جب کوئی بھی ملک پاکستان میں 10 روپے کی سرمایہ کاری کرنا نہیں چاہتا تھا، اس منصوبے نے پاکستانی معیشت کو سنبھالا دیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پر پاک چین دوستی کے جذبے کے تحت خلوص سےکام کیا گیا اور اس منصوبے سے ہزاروں لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق الزامات لگانا درست نہیں، سی پیک کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن بنایا جائے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سی پیک کے معاملے پر عوام کو اعتماد میں لے اور منصوبے کو روکنے سے متعلق بیانات سے قوم کو گمراہ کرنے سے باز رہا جائے۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ میں ماہرِ معاشیات اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ فی الحال تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔

دوسری جانب عبدالرزاق داؤد کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ انٹرویو میں ان کے بیان کو سیاس و سباق سے ہٹ کر لیا گیا جس پر وہ آج شام پریس کانفرنس میں وضاحت کریں گے۔

install suchtv android app on google app store