لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں 2 وکلاء میں تصادم، فائرنگ سے ایک وکیل جاں بحق

لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں 2 وکلاء میں تصادم فائل فوٹو لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں 2 وکلاء میں تصادم

سیشن کورٹ میں 2 وکلاء کے آپس کے جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک وکیل جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عبدالرحمان توقیر کی عدالت کے باہر کاشف راجپوت نامی وکیل نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وکیل رانا اشتیاق جاں بحق اور ایک وکیل آصف زخمی ہوگیا۔

زخمی وکیل کو طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا کاشف راجپوت اور جاں بحق وکیل رانا اشتیاق آپس میں کزن ہیں اور ان کا کوئی جھگڑا چل رہا تھا، جس کے بعد نوبت یہاں تک آپہنچی۔

واقعے کے بعد سیشن کورٹ کے تمام دروازے بند کردیئے گئے۔

دوسری جانب پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کاشف کو بھی گرفتار کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے فائرنگ کے باعث وکیل کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس 31 جنوری کو بھی لاہور کی سیشن عدالت میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ملزم جاں بحق ہوگیا تھا۔

اس سے قبل گذشتہ برس 7 فروری کو بھی لاہور میں سیشن کورٹ کے باہر عبوری ضمانت کے لیے آئے ہوئے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store