آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم: نیب کا بلایا جانا بدنیتی پر مبنی ہے، شہباز شریف

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب کی جانب سے بلائے جانے کو بدنیتی پر مبنی قرار دیدیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نہ جانا چاہتا تو نیب کے کئی فیصلوں کا سہارا لے کر پیش نہ ہوتا اور اپنا جواب لکھ کر نیب کو بھیج دیتا لیکن قانونی سہولت کا سہارا لینا مناسب نہیں سمجھا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نیب آفس میں بہت ہی اچھے انداز میں بات چیت ہوئی، حکام نے تین سوالات کیے جن میں قانون اور ضابطے کی خلاف ورزی اور غلط کام سے متعلق پوچھا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ صوبے کا انچارج ہوں اور صوبے میں کسی بھی منصوبوں کے ڈپاٹمنٹ ہوں یا کمپنیاں ان کی نگرانی کرنا حکومت کی ذمہ دری ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے 17 جنوری کو جاری کیے گئے نوٹس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کی پوچھ گچھ کے سلسلے میں آج صبح 10 بجے طلب کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب دن 3 بجے کے قریب اپنی نجی گاڑی میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد وہ روانہ ہوگئے۔ نیب حکام نے شہبازشریف سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہبازشریف سے نیب کے تین ڈپٹی ڈائریکٹرز نے سوالات کیے جس میں ان سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکے منسوخ کرنے اور من پسند افراد کو دیئے جانے سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔

 

install suchtv android app on google app store