عمران خان نااہلی کیس میں نظر ثانی کی گنجائش موجود ہے: شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں نظر ثانی کی گنجائش موجود ہے۔ جبکہ حدیبیہ ملز کیس کے فیصلے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حدیبیہ ملز کیس کے فیصلے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ ملز کو تباہ کر دیا گیا لیکن حکومت سے معاوضہ نہیں لیا گیا جب کہ ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں اتفاق فاؤنڈری کو تباہ کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ڈنکے کی چوٹ پر کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف گلہ پھاڑ کر جو زبان استعمال کرتے ہیں، میں وہ زبان استعمال نہیں کر سکتا، میں ہمیشہ یہ کہتا رہا کہ ان کے دائیں اور بائیں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہانگیر ترین نے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کروائے اور انہیں آف شور کمپنی کے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا گیا، اس میں کھجوریں فروخت نہیں ہو رہی تھیں۔

مزید جانئیے: عمران خان بچ گئے، جہانگیر ترین نااہل قرار

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جہانگیر ترین کے وسائل سے مستفید ہوتے رہے، ان سے فائدہ حاصل کرتے رہے لیکن آج ان کا ایک ستون گر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک اور اے ٹی ایم مشین علیم خان نے اربوں روپے کی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اور وہ نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں، کیا ایسے شخص پر یقین کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے لیکن تحریک انصاف ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکی، پاکستان میں اندھیرے ختم ہونے کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خان صاحب چارسال کہتے رہے کہ لاہور میٹرو میں اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں، اور سوا چار سال بعد خود قرضے لے کر میٹرو بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل مسترد

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے سی پیک کے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے جب کہ عمران خان اور ان کی جماعت وقت ضائع کرنے کی ماہر ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی سے متعلق فیصلے پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیس پاناما کا تھا اور فیصلہ اقامہ پر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پاناما اور خان صاحب کے کیسز میں مماثلت ہے، عدالتی فیصلے میں سقم موجود ہیں اور یہ ہمارا قانونی حق ہے کہ ہم عدالتی فیصلے کی خامیوں کو واضح کریں اور نظر ثانی کی طرف جائیں۔

install suchtv android app on google app store