میاں صاحب، آپ کو اللہ نے نکالا، ججز وسیلہ بنے: آصف زرداری

آصف زرداری آصف زرداری

میاں صاحب، آپ کو اللہ نے نکالا، ججز وسیلہ بنے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک صفحے پر نہیں، ان خیالات کا اظہار آصف علی زرداری نے ملتان میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے ملتان کے قاسم باغ میں منعقدہ جلسے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف کو لانے والے میاں نوازشریف تھے، ہم نےعوام کی طاقت سے پرویز مشرف کو باہر نکالا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہمیں ملک ٹکڑوں میں ملا تھا، ہم نے جمہوریت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا، ہم سے جب بھی شہادتیں مانگی گئیں، ہم نے کلمہ پڑھ کر شہادتیں پیش کیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف پوچھتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، میاں صاحب آپ کو اللہ نے نکالا، وسیلہ ججز بنے۔ انھوں نے اسپیکر ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، اسپیکر صاحب آپ کی حکومت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے سی پیک کو کولون ایجینسی سمجھ رکھا ہے، ہمیں سی پیک کا اصل مطلب پتا ہے، ان کو تو سی پیک کی تشریح بھی نہیں آتی۔

اس موقع پر انھوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی تعریف کی اور کہا کہ اگر عوام ان کا ساتھ دیں، توجنوبی پنجاب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

انھوں نے اہل ملتان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہ ملتان کے عوام نے مجھے اور بلاول کو شہید بی بی کی یاد دلادی۔

 

install suchtv android app on google app store