کے پی کے میں اب شیر راج کریں گے: عابد شیر علی

 عابد شیر علی عابد شیر علی

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی پھر مخالفین پر لفظی بجلیاں گراتے نظر آئے ۔ عابد شیر علی کہتے ہیں عمران خان کے دھرنوں کی وجہ سے ملک پیچھے چلا گیا، وہ کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتے،اگلے انتخابی معرکے میں شیروں کے راج کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کر دی۔

رہنما مسلم لیگ عابد شیر علی ملتان میں سیاسی مخالفین کے خلاف بولے تو بولتے ہی چلتے گئے ۔ عمران خان کی جانب لفظی توپوں کا رخ کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں نے ملکی ترقی پر قدغن لگایا اور ملک کو ستر سال پیچھے دھکیل دیا۔ کپتان پر انتشار پھیلانے کا الزام بھی دھر دیا۔

عابد شیر علی نے ایک بار پھر بجلی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر کہا کہ مقررہ مدت سے پہلے ہی بجلی بندش کا خاتمہ کر کے ملک کو اندھیروں سے نکالا ہے ۔ ساتھ ہی کے پی کے میں کھلاڑیوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر اب شیر راج کریں گے۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے اس موقع پر نواز شریف کی نا اہلی کو لے کر سازشوں کا بھی ذکر چھیڑ دیا اور کہا کہ بیرونی قوتیں سازشیں کر رہی ہیں ۔ نواز شریف کو ملک میں اچھا کرنے کی سزا ملی۔۔۔ دو ہزار اٹھارہ میں عوام شیر پر مہر لگا کر جزا اور سزا کا فیصلہ کریں گے۔

عابد شیر علی کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کا موازنہ بھی نہ بھایا اور صاف منع کر دیا کہ دونوں کا ہر گز موازنہ نہ کیا جائے۔جاوید ہاشمی کے ذکر پر کہا کہ وہ لوٹے نہیں ۔انہوں نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ وہ ملتان میں بجلی مسائل سے متعلق کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے اظہار خیال کر رہے تھے۔

install suchtv android app on google app store