عوام کے دلوں سے نواز شریف کی محبت نہیں نکالی جاسکتی: مریم نواز

مریم نواز مریم نواز

سابق وزیراعظم کی دختر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی طاقت نواز شریف کو عوام سے جدا نہیں کرسکتی، نواز شریف کل بھی عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور آج بھی ہیں۔

حلقہ این اے ایک بیس کے دورے پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا جنون دیکھ کر بے انتہا خوشی محسوس ہو رہی ہے، پہلے بھی عوام کی سچے دل سے خدمت کی اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رہے گا۔

سابق وزیراعظم کی دختر کا کہنا تھا کہ کل بھی نواز شریف عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور آج بھی ہیں، ان کی محبت کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا،اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت نواز شریف کو عوام سے جدا نہیں کرسکتی ہے۔

غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی ووٹ کی طاقت کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، دوہزار تیرہ کے الیکشن کی طرح دوہزار اٹھارہ میں بھی نون لیگ کامیابی حاصل کریں گی اور مخالفین کو عبرتناک شکست دے گی۔بعد ازاں حلقے کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مریم نواز واپس جاتی امرا پہنچ گئی۔

اس سے قبل مریم نواز نے ماڈل ساندہ روڈ کاافتتاح کیا ، اس روڈ کی کل لمبائی تین اعشاریہ دو کلومیٹر ہے جس میں ساندہ،ابدالی اورہوتا سنگھ روڈ شامل ہیں، اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور سابق وزیراعظم سمیت لیگی رہنماؤں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزجاتی امرا لاہور سے مسلم لیگ نون نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کی تھیں، اسی سلسلے میں این اے ایک سو بیس سے کارکنوں نے مریم نواز سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں مریم نواز نے ضمنی انتخاب میں شاندارکارکردگی کا سہرا کارکنوں کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کارکنان ہی نون لیگ کا قیمتی اثاثہ ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سیاسی محاذ پر بھرپور کردار کی ادائیگی کے لئے لندن جانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے،اسی سلسلے میں نواز شریف دو دسمبر کو کوئٹہ جائیں گے۔

انہیں دورہ کوئٹہ کی دعوت پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزائی نے دی تھی جو انہوں نے قبول کر لی ہے، ان کے دورہ کوئٹہ کو حتمی شکل دینے کے لئے مقامی لیگی قیادت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store