چوہدری نثار کی عزت کرتی ہوں: مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہےکہ چوہدری نثار میرے بڑے ہیں ان کی عزت کرتی ہیں جب کہ ان کے اپنے خیالات ہیں۔ خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا تھا کہ بچے بچے ہوتے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، مریم نواز کا بے نظیر بھٹو کے ساتھ موازانہ درست نہیں اگر انہیں لیڈر بننا ہے تو خود کو ثابت کرنا پڑے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے جے یو پی کے رہنما پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کی جس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے جے یو پی کی جانب سے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 کےمعرکے میں فتح کی دعا ہے، حمایت کرنے پر اویس نورانی اور جے یو پی کا شکریہ ادا کرتی ہں، والدہ کے الیکشن میں آگے بڑھ کر حمایت کرنے پر سب کی شکر گزار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ سڑکیں ہرجگہ بن رہی ہیں اور کام ہورہے ہیں، انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا الزام لگانے والے ان وسائل کا نام بھی بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہار کے خوف سے بہانے تلاش کرنا مخالفوں کی پرانی عادت ہے، اگر مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ، اب یہ بہانے نہیں چلیں گے۔

چوہدری نثار سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار میرے بڑے اور والد کے ساتھی ہیں، ان کی بہت عزت کرتی ہیں جب کہ ان کے اپنے خیالات ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے یاسمین راشد امیدوار ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہے۔

کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

install suchtv android app on google app store