این اے 120 کے ضمنی الیکشن کا دنگل، اسلام پورہ لاہور میں پیپلز پارٹی آفس کے باہر فائرنگ میں ملوث تین ملزم گرفتار اور گاڑی سے پسٹل بھی برآمد ہوئے۔
صوبائی دارالحکومت کے حلقہ این اے 120 میں سیاسی معرکہ زوروں پر ہے۔ گزشتہ روز اسلام پورہ میں قائم پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔
پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت نے الزام لگایا تھا کہ ان کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا ہے جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کی اور ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور تحقیقات کا آغاز کیا۔
فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ملوث تھے جن کو گاڑی اور جیو فینسنگ کے ذریعے تلاش کر لیا گیا ہے۔ فائرنگ کرنے والوں میں اسد، حمزہ اور شیر علی شامل تھے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ اور واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔
تمام گرفتار ملزمان کی عمریں بیس سے بائیس سال کے درمیان ہیں۔ ایس پی سٹی عادل میمن کے مطابق فائرنگ کا مقصد ہلڑ بازی تھا۔