مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کررہا ہے: نواز شریف

  • اپ ڈیٹ:

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کررہا ہے، 10جولائی کو ہی ہم داسو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جے آئی ٹی جو کر رہی ہے سب جانتے ہیں، مخالفین دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازشیں کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ترقی کے مخالفین کی پاکستان میں کوئی کمی نہیں، جگہ جگہ ہائی ویز بن رہی ہیں، موٹر ویز کا جال بچھایا جارہا ہے، کراچی سے پشاور موٹر وے بنا رہے ہیں، 14اگست کو کراچی سے حیدرآباد موٹر وے کا افتتاح کریں گے، ملک میں انقلاب آرہا ہے،پاکستان کامیابی کا سفرطے کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ میں ٹرمینل بنایا گیا جس سے ایل این جی آتی ہے، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے، بڑے منصوبے دو سال میں مکمل کیے، لوڈ شیڈنگ ختم ہورہی اوربجلی سستی پیداکی جارہی ہے، بجلی سستی ہوگی تو لوگ بھی بل خوشی سے دیا کریں گے۔

اکیس ماہ پہلے یہاں آنے والے لوگ منصوبے کی تکمیل سےحیران ہیں، یہاں پہلے میدان تھے آج پلانٹ تیار ہوگیا ہے، حکومت سنبھالنے سے اب تک 7 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا، خوشی کی بات ہے21 ماہ بعد دوبارہ منصوبے کے افتتاح کیلئے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اندھیرے چھا چکے تھے، فیکٹریاں بند ہورہی تھیں، خوشحالی آرہی ہے، انڈسٹری چل رہی ہے، پاکستان میں سیاحت بڑھ رہی ہے، غیرملکیوں کوجگہ نہیں ملتی، بتایا جارہا ہے کہ سیاحوں کیلئے پہاڑوں میں ٹینٹس لگائےجارہےہیں، لوگوں کی آمدنی بڑھ رہی ہے اور ان کے وسائل میں بھی اضافہ ہورہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.3 فیصد ہوگیا ہے، آئندہ ایک دوسال میں گروتھ ریٹ 7 فیصد سے بھی بڑھ جائے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایگری کلچر سیکٹر،انڈسٹریل سیکٹرمیں ترقی ہورہی ہے، حکومت سنبھالتے ہی بجلی کے منصوبےلگانےکا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم سےوعدہ کیا تھا کہ اندھیرے دور کریں گے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرینگے، ہم لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کیلئےختم کرنےجارہےہیں، لوڈشیڈنگ کےذمہ داروں کو اب آپ لوگ پوچھیں،ان لوگوں مجرمانہ غفلت کی وجہ سے جو پاکستان میں ایسے حالات پیدا ہوئے، ظلم ہےلوگوں سےروشنیاں چھینی گئیں لیکن ہم قوم کی خدمت کررہےہیں۔ 10جولائی کو داسو منصوبےکا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے۔

پاناما کیس کے حوالے انہوں نے کہا کہ کہاجارہاہے10جولائی کوجےآئی ٹی رپورٹ دےرہی ہے، 10جولائی ہم بھی داسو منصوبے کا بنیاد رکھنے جارہےہیں، جےآئی ٹی کو توآپ جانتے ہی ہیں اورجو وہ کررہے ہیں وہ بھی جانتے ہیں۔

نواز شریف نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ جنہوں نے ہمیں روکنے کیلئےآسمان سر پراٹھا رکھا انہیں بتانا چاہتا ہوں، آسمان سر پراٹھانے والے کچھ بھی کرلیں ترقی کا سفرجاری رہےگا، گزشتہ چارسالوں سے آپ جوکچھ کررہے ہیں وہ پوری قوم جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ن لیگ سے ایک دوبارنہیں باربارشکست کھائی ہے، آپ الیکشن جیت نہیں سکتے،آپ صرف سازش کرسکتےہیں، آپ کبھی دھرنے،کبھی احتساب کی آڑمیں سازش کرتےہیں، سازش کرنے کیلئےجےآئی ٹی کے پیچھے چھپتے ہیں، جےآئی ٹی کے پیچھےچھپنے کےبجائےمیدان میں آؤ، انہوں نے کہا کہ آؤ میدان میں مقابلہ کرو، جب کہو گے ہم میدان میں آئیں گے، ہم آپ کو بھی جانتےہیں اورآپ کے کام کو بھی جانتےہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تبدیل ہورہاہے، ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اول نمبرپرہوگا، لوگ ہماری روشن مستقبل کی پالیسیوں کودیکھ رہےہیں، کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں، دیہات میں کالج بن رہے ہیں، بلوچستان میں ترقی دیکھیں، خیبرپختونخوا کوہم تعمیر کررہےہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لواری ٹنل کو ہم بنارہے ہیں جس کیلئے26ارب روپے دیئے، داسو، دیامر بھاشا ڈیم جیسے پروجیکٹ بنائے جارہےہیں، سندھ میں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے منصوبے بنارہے ہیں، ریلوے، سڑکوں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب تیزی سے کام کررہا ہے، چین نے بھی اس کی تعریف کی ہے، میٹرو بس سے لوگوں کو سہولت ملی، قوم سے وعدہ کیا تھا کہ اندھیرے دور کرینگے، لوڈشیڈنگ ختم کرینگے، لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی21ماہ میں تکمیل دنیا میں ریکارڈ ہے، منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لگنےوالے موجودہ ترقیاتی منصوبے شفافیت کی مثال ہیں، حویلی لکھا اور بہادرشاہ کے منصوبوں میں 168 ارب روپے کی ریکارڈ بچت کی گئی۔

پاناما کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاناما کا بڑا شور ہے، آپ کے اعمال نامے کی نسبت پاناما کچھ نہیں، پاناما افسانے کے برعکس وزیراعظم کے کارنامے یاد رکھے جائیں گے، پاناما کا افسانہ ہے اور یہ ترقیاتی منصوبے اعمال نامہ ہے، پاناما کیس میں عدالت کافیصلہ قبول کیا جائےگا، لوگ یادرکھیں گےایک وزیراعظم آیاتھا جس نے پاکستان کو اقوام عالم میں کھڑا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ کی بڈنگ نہیں ہوئی تھی، بڈنگ کااداروں کونوٹس لیناچاہیےتھا، ذمہ داروں کو پکڑنا چاہیےتھا، نندی پورپاورپروجیکٹ کاسامان3سال تک کراچی پورٹ پرموجودرہا۔

install suchtv android app on google app store