ترقیاتی کاموں پر تنقید کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا: نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنے دینے والوں کے صوبے میں بھی ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور ترقیاتی کاموں پر تنقید کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔

چیچہ وطنی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ’مخالفین روز نت نئے الزامات لگاتے ہیں لیکن چیچہ وطنی کے لوگ مخالفین کے خلاف بند باندھ کر کھڑے ہیں، ترقیاتی کاموں پر تنقید کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا، جبکہ ہم بھی 5 سال بعد اپنا حساب دیں گے اور تم بھی حساب دو گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے دور حکومت میں یوریا کھاد سستی ہو گئی، ٹیوب ویلز کے لیے بجلی سستی ہوچکی ہے، ڈی اے پی کھاد کی قیمت 4 ہزار سے کم ہوکر ڈھائی ہزار روپے رہ گئی، جبکہ کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں بن رہی ہیں اور ملک میں بجلی کے درجنوں کارخانے لگ رہے ہیں۔‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’کسی نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے تو وہ خیبر پختونخوا جاکر دیکھے، چیچہ وطنی جھوٹ بولنے یا الزام تراشی کے لیے نہیں بلکہ خدمت کے لیے آیا ہوں، عوام کے نمائندوں نے موٹر وے کو چیچہ وطنی سے ملانے کا مطالبہ کیا تو آج یہ فیصلہ ہوچکا ہے اور چیچہ وطنی کے لوگ ملتان پونے گھنٹے اور کراچی 8 گھنٹے میں پہنچ جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی وجہ سے پھل اور سبزیاں جلد بڑے شہروں تک پہنچیں گی، بجلی کی قلت کا عذاب ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور قادر آباد میں بڑے بجلی گھر کا افتتاح رواں ماہ ہوگا۔‘

وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے اور ہم نے دہشت گردوں کو ڈھیر کردیا ہے، دھرنے دینے والوں کے صوبے میں بھی نواز شریف سڑکیں بنا رہا ہے، لواری ٹنل ہم بنا رہے ہیں، سندھ میں سڑکیں ہم بنا رہے ہیں، چند برسوں میں پاکستان ترقی کے عروج پر ہوگا، جبکہ الٹی سیدھی باتیں کرنے والے مخالفین کا عوام بھی اب ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔‘

انہوں نے چیچہ وطنی میں وٹینری یونیورسٹی کیمپس بنانے، چیچہ وطنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کا درجہ بڑھانے، گرلز کالج میں بھی ماسٹر کلاسز شروع کرنے اور چیچہ وطنی کے مختلف علاقوں کے لیے قدرتی گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔

install suchtv android app on google app store