وزیرِ کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہماری ایسے عزت کرتے ہیں جیسے ماموں کا بیٹا کرتا ہے۔ راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ کھیل نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے واضح ترجیحات طے کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کے منصوبے صرف سیاسی بنیادوں پر روکے جاتے تھے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کو روکا گیا، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کبھی بدلے کی سیاست نہیں کی۔
“لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس منصوبہ اپوزیشن نے شروع کیا تھا، مگر اسے مکمل ہم کر رہے ہیں،” انہوں نے کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس منصوبہ چار سال سے رکا ہوا تھا، جسے موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں مکمل کیا۔
وزیرِ کھیل پنجاب نے کہا کہ اب تک صوبے میں 98 سے زائد اسپورٹس کمپلیکسز کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ اپنی کارکردگی پر کوئی بات نہیں کر پائیں گے۔
ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ کل بزدلانہ واقعہ ہوا،پاکستان وہ پھلوں والا درخت ہے جس کو پھل لگ چکے ہیں، بیرون ممالک اب سب پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ٹورنٹو سے زیادہ لاہور، راولپنڈی کی گلیاں محفوظ ہوگئی ہیں۔
صوبائی وزیر نے امریکی صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہماری ایسے عزت کرتے ہیں جیسے ماموں کا بیٹا ہے۔