لاہور: پی ٹی آئی کے جلسے کا وقت ختم، ساؤنڈ سسٹم اورلائٹس بند، پولیس نے اسٹیج خالی کرادیا

تحریک انصاف کا لاہور میں جلسہ، کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری اسکرین گریب تحریک انصاف کا لاہور میں جلسہ، کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا عوامی حمایت کے اظہار کے لیے لاہور میں جلسہ عام جاری تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں نے اسٹیج پر پہنچ کر اسے خالی کرا دیا اور جنریٹر سسٹم بند کرادیے۔

ملک کے مختلف مقامات سے ٹولیوں کی شکل میں کارکنان کی جلسہ گاہ آمد جاری تھی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنما اسٹیج پر موجود تھے لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقررہ وقت تک جلسے میں بھی نہ پہنچ سکے جب کہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام 6 بجے تک جلسہ ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے جلسے کا وقت ختم ہوتے ہی پولیس نے ساؤنڈ سسٹم، جنریٹر اور جلسہ گاہ کی لائٹیں بند کر دیں اور جلسہ گاہ کو خالی کرانا شروع کردیا۔

لاہور پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو کنٹینر سے اتا کر اسٹیج خالی کرادیا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنان جلسے سے واپس جانا شروع ہوگئے، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور موسیٰ رضا نے کہا کہ این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر مرکزی کنٹینر پر پہنچ گئے، تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اعجاز شفیع، رانا شہباز بھی کنٹینر پر پہنچ گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما ملک احمد بچھڑ نے کہا کہ ہمیں لولہ لنگڑا این او سی دیا گیا اور پنجاب حکومت نے اپنے ہی این او سی کی خلاف ورزی کی، ہمارے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری رات کنٹینر لگائے رکھے، ہمارا کنٹینر نہیں آنے دیا گیا، اب بھی راستے بند ہیں ، ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد میں جلسہ گاہ پہنچا ہوں۔

جلسہ گاہ میں خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے جب کہ دیگر رہنماؤں کی آمد بھی جاری ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے علاوہ لطیف کھوسہ، حماد اظہر، ریحانہ ڈار اور عالیہ حمزہ بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اسد قیصر اور شہرام ترکئی نے جلسہ سے متعلق عوام کو پیغام دیا کہ نکلیں پاکستان کے خاطر، اس ملک کو بچانے کی خاطر ، زبردست جلسہ ہوگا۔

install suchtv android app on google app store