پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس پر شدید حملہ کیا جس میں 11 اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ 2 پر ڈاکوؤں نے نفری تبدیل کرنے والی پولیس موبائلوں کو راکٹ لانچروں سے نشانہ بنایا۔
پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت روکنے کیلیے ماچھکہ میں کیمپ قائم کیا ہوا تھا، جہاں پر 25 کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے شدید حملہ کیا۔
راکٹ لانچر کے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ جبکہ 11 اہلکار موقع پر شہید اور تین زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے جبکہ نفری کی قیادت ضلعی پولیس آفیسر عمران کررہے ہیں۔
صورت حال کے پیش نظر جائے وقوعہ پر ایمبولینسسز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔