جہانگیر ترین، علیم خان کی ملاقات، نئی پارٹی بنانے پر اتفاق

لاہور میں سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات فائل فوٹو لاہور میں سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات

لاہور میں سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات ہوئی جس میں نئی سیاسی پارٹی بنانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔

علیم خان نے جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، ظہرانے میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی موجودہ اور سابقہ شخصیات نے شرکت کی، ظہرانہ علیم خان کی رہائش گاہ پر دیا گیا۔

ظہرانے میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئی سیاسی پارٹی بنانے سے متعلق جہانگیر ترین کی علیم خان سے مشاورت ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے تجویز دی کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی پارٹی بنانی چاہیے، نئی سیاسی پارٹی بنانے سے عوام کے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چوہدری نے بھی نئی جماعت بنانے پر اصرار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مزید رہنما پی ٹی آئی چھوڑنا چاہ رہے ہیں، انہیں ایک نیا پلیٹ فارم ملنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کر دیا جائےگا، اگلے 72 گھنٹوں میں جہانگیر ترین اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے، جہانگیر ترین کے ہمراہ پی ٹی آئی سے لاتعلقی کرنے والے سیاستدان بھی موجود ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ جہانگیر ترین جلد ہی الیکشن کمیشن میں نئی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست دیں گے۔

install suchtv android app on google app store