پی ٹی آئی خواتین کارکنان کے ساتھ جیل میں بدسلوکی کی خبریں پروپیگنڈا ہے: خواتین افسران

لاہور کی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود فائل فوٹو لاہور کی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود

لاہور کی ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کی خواتین کارکنان کے ساتھ جیل میں بدسلکوی سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد قرار دیا اور کمیٹی نے کہا کہ یہ صرف پروپیگنڈا ہے۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور کے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کرنے کے بعد ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری اور ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواتین سے بدسلوکی کی خبریں بے بنیاد قرار دے دی۔

ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ جو خبریں خواتین کے حوالے سے پھیلائی جارہی ہیں وہ سب افواہیں ہیں کیونکہ جیل میں خواتین سے ہماری ملاقات ہوئی اور ایک ایک کرکے ہر خاتون سے بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل میں کوئی مرد خواتین کے سیل میں داخل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو گھر سے اشیا منگوانے کی سہولت تک دی جارہی ہے، بدسلوکی تو دور کی بات ہے ان کے ساتھ بہت اچھی طرح پیش آرہے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل کے دورے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور ہماری دوسری خواتین سے بھی ملاقات ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود خواتین کو میڈیکل کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، خواتین ماہر نفسیات بھی جیل میں موجود ہیں،کسی کو کوئی بھی طبی مسئلہ ہے تو علاج معالجے کی سہولت موجود ہے اور میڈیکل ایمرجنسی ہوئی تو اسپیشل علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 10 خواتین کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

پولیس کے مطابق لاہور سے گرفتار ہونے والی متعدد خواتین کو دوران تفتیش بے قصور ثابت ہونے پر رہا کیا جاچکا ہے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ جیل میں ایک ایک خاتون سے ملاقات کی ہے، ہمارے پاس ہسپتال اور ڈاکٹر ہر طرح کی سہولت ہے، خاص ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس سروس بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

اس سے قبل عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث خواتین کے ساتھ دوران گرفتاری جنسی زیادتی اور ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

بعد ازاں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ملک میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد حراست میں لی گئیں خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پولیس اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اگر خواتین کو حراست میں لیا جا رہا ہے تو خواتین اہلکار موجود ہوں۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی پروپیگنڈا کر رہی ہے کہ خواتین کو جیلوں میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا تھا کہ لاہور میں کورکمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث تمام افراد کا احتساب کیا جائے گا چاہے جو کوئی بھی ہو۔

 

install suchtv android app on google app store