جیل میں خواتین سے زیادتی کے الزامات صرف پراپیگنڈہ ہیں:محسن نقوی

محسن نقوی فائل فوٹو محسن نقوی

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین سے زیادتی کے الزامات صرف پراپیگنڈہ ہیں۔ ماوں بہنوں کی عزت ہوتی ہے ۔ خدارا ایسے الزامات لگانے سے قبل سوچ لینا چاہیئے۔ ساری مائیں بہنیں ہماری اپنی ہیں اور ہم نے ماوں بہنوں کی عزت کرنا سیکھی ہے۔

سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں 32 خواتین گرفتار ہوئی تھیں۔ان میں سے 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر لیڈیز جیل میں ہیں ان خواتین کے ساتھ جیل میں لیڈیز سٹاف ہوتا ہے ۔

انکا مزید کہنا تھا کہ کبھی جیل میں اس طرح کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا ۔ کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہیں۔ ماوں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے خدانخواستہ پنجاب میں کوئی بھی ایسا واقعہ رونما ہو تو جب تک میں موجود ہوں اس وقت تک ماوں بہنوں کو تحفظ فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت گرفتار کر رہے ہیں۔ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث جتنا مرضی اثرورسوخ والا ہو وہ چھوٹے گا نہیں۔ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والا جو بھی ہو اس کا پورا ٹرائل ہو گا۔ اس وقت تک عمران خان کی نظر بندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

install suchtv android app on google app store