الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا فائل فوٹو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے 30 اپریل بروز اتوار پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر پولنگ کے لیے شیڈول جاری کر دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدوار 12 مارچ سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن امیدواروں کے ناموں کی فہرست 15 مارچ کو آویزاں کرے گا، کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 3 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق اسکروٹنی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 27 مارچ تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلیٹ ٹریبونل مذکورہ اپیلوں پر فیصلے 3 اپریل تک کرے گا اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 اپریل کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدواروں کی انتخابات سے دستبرداری کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ انتخابی نشان 6 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے اس کے بعد پنجاب اسمبلی کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔

قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر 30 اپریل کو انتخابات کا شیڈول جاری کیا جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جیت کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں این اے-22 مردان 3، این اے-24 چارسدہ 2، این اے-31 پشاور 5، این اے-108 فیصل آباد 9، این اے-118 ننکانہ صاحب11 اور این اے-239 کراچی ون کا شیڈول بھی 30 اپریل کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کی طرح جاری کیا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 24 فروری کو سابق وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ برس ضمنی انتخابات کے دوران جیتی ہوئی 7 نشستوں میں سے 6 کو خالی قرار دیتے ہوئے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store