پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور ہائیکورٹ فائل فوٹو لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا۔ عدالت نے ریماکس دیے ہیں کہ گورنر پہلے بھی خاموش تھےاب اپنی پوزیشن واضع کریں،گورنر کا رویہ سنجیدہ نہیں ہے۔

جسٹس جواد حسن نے دوران سماعت ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن 90 روز میں ہی ہونے چاہئیں، 90 روز میں الیکشن کس نے کرانے ہیں، یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔

گزشتہ ہفتے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے دائر درخواست میں گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکریٹری فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ آئین کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے فوری بعد گورنر کو الیکشن کا اعلان کرنا ہے، گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے، 10 روز سے زائد کا وقت گزر چکا، گورنر پنجاب کی جانب سے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تاخیر کی کوششوں سے آئین سے بغاوت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کی سالمیت کو خطرے سے دوچار کیا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں بھی انہوں نے اپنے الفاظ کو دہرایا آج کی عدالت کی کارروائی سے یہ تو بالکل واضح ہو گیا کہ صوبائی الیکشن تو 90 دن میں ہوں گے، چاہے امپورٹڈ حکومت جتنا بھی بھاگنے کی کوشش کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن سے جب صحافیوں نے پوچھا کہ وہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی درخواست کے باوجود پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیوں نہیں کر رہے تو گورنر پنجاب نے کوئی واضح جواب نہیں دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store