پنجاب اسمبلی کو آئینی مدت پوری کرنی چاہئے، تحلیل ہونے نہیں دینگے: عطا تارڑ

عطا تارڑ فائل فوٹو عطا تارڑ

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو آئینی مدت پوری کرنی چاہئے، ہم چاہتے ہیں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا نہ ڈالا جائے، اسمبلی کو تحلیل نہیں ہونے دینگے۔

عطا تارڑ نے (ن) لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مشاورتی سلسلے میں عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ سمیت دیگر آپشنز زیر غور آئے۔پنجاب اسمبلی کے اراکین میں اضطراب پایا جاتا ہے اوروہ اسمبلی کی تحلیل کے حق میں نہیں۔ سب کا مؤقف ہے کہ اسمبلیوں کو آئینی مدت پوری کرنا چاہیے۔بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل کا معاملہ بھی موجود ہے۔ہمارے کیس کو وقت پر نہیں سنا جاتا۔ لاہور ہائیکورٹ میں اسپیکر والا کیس پچھلے کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ گورنمنٹ کے بینچز میں بیٹھے اراکین سے روابط تیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ آج ایسے وقت سے گزر رہے ہیں کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ حکومت میں رہیں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم اسمبلیاں چھوڑ رہے ہیں۔ ہم پھر تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت، اداروں کی مضبوطی کے لئے اتحاد جاری رہے گا۔

install suchtv android app on google app store