عدالت کے حکم پر دعا زہرہ دارالامان منتقل

  • اپ ڈیٹ:
دعا زہرہ اور ان کے شوہر ظہیر فائل فوٹو دعا زہرہ اور ان کے شوہر ظہیر

لاہور کی عدالت کے دعا زہرہ کو دار الامان لاہور بھیجنے کے حکم کے بعد انہیں درالامان منتقل کر دیا گیا۔

لاہور کی عدالت نے دعا زہرہ کو دار الامان لاہور میں بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ضلعی کچہری لاہور کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں عدالت نے بتایا کہ دعا زہرہ کے بیان کی روشنی میں دارالامان بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

 

دعا زہرہ نے عدالت کو درخواست دی تھی کہ انہیں اپنے والدین اور دیگر افراد کی جانب سے جان کا شدید خطرہ ہے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

ان کا درخواست میں مؤقف تھا کہ ان کے تعلقات اپنے خاوند کے ساتھ بھی خوشگوار نہیں رہے اور انہوں نے بڑی مشکل سے رشتہ دار کے گھر رات گزاری ہے۔

دعا زہرہ نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ وہ اپنی مرضی سے دارالامان لاہور جانا چاہتی ہیں لہٰذا عدالت انہیں دارالامان بھیجنے کا حکم دے۔

عدالت نے دعا زہرہ کے بیان کی روشنی میں انہیں دارالامان بھیجنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب، وزیر اعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ (ایس آر یو) پروگرام کے سربراہ سلمان صوفی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں دعا زہرہ کو سخت حفاظتی انتظامات میں درالامان میں رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو بھیجیں تاکہ وہ دعا زہرہ کو ان کے والدین کے پاس لے جائیں جبکہ ظہیر کو گرفتاری کے لیے تلاش کیا جارہا ہے۔

install suchtv android app on google app store