شمالی وزیرستان میں ماسک نہ پہننے پر بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، اہم تفصیلات جانئے

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان فائل فوٹو ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان

خیبر پختون خواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں کورونا وائرس ایس او پیز کے مطابق ماسک نہ پہننے پر جرمانہ مقرر کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے ضلع بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

ڈی سی شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد علی خان کو 4 جون کو شمالی وزیرستان کا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل وہ نوشہرہ میں ڈی سی کے عہدے پر فائز تھے۔

یاد رہے کہ چند دن قبل صوبائی وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر کا کورونا ٹیسٹ بھی پازٹیو آ گیا تھا جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

30 مئی کو حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں سمیت پُر ہجوم مقامات پر ماسک لازمی پہنیں۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے تنبیہہ جاری کی تھی کہ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ ہوگی اور ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 3 ہزار جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات کے تحت جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store