خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کے حوالے سے اہم پیشرفت

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 4 مزید مشتبہ کیسز کلیئر قرار فائل فوٹو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 4 مزید مشتبہ کیسز کلیئر قرار

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 4 مزید مشتبہ کیسز کلیئر قرار دے دیے گئے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مشتبہ کورونا وائرس کے تین کیسز پشاور اور ایک صوابی سے سامنے آیا تھا جس کے بعد مشتبہ مریضوں کے نمونے تجزیے کے لیے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھیجے گئے تھے۔

قومی ادارہ صحت نے نمونوں کا تجزیہ کرنے بعد مشتبہ مریضوں کو کلیئر قرار دے دیا ہے جب کہ ایبٹ آباد سے رپورٹ ہونے والے مشتبہ مریض کے نمونے تجزیے کے لیے این آئی ایچ کو بھجوائےگئے ہیں۔

کے پی میں اب تک 12 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے قومی ادارہ صحت نے 11 کیسز کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔

چین کے شہر ووہان سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے 1500 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں افراد میں اِس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

کورونا سے امریکا، برطانیہ، جاپان اور تھائی لینڈ سمیت 20 سے زائد ممالک متاثر ہوئے ہیں جب کہ پاکستان میں اب تک کئی مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں تاہم اب تک ان میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

اس ضمن میں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق نیشنل ایکشن پلان لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پرصوبوں اور دیگر فریقین سے مشاورت کی جائے گی۔

کورونا ایکشن پلان کی تشکیل پر عالمی اداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جنہوں نے ایکشن پلان پر تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

پاکستان کے ہوائی اڈوں پر بھی کورونا وائرس کی تشخیص اور روک تھام کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں چین سے آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جاتی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے جانوروں اور پرندوں کی درآمدات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ 

install suchtv android app on google app store